ارجنٹینا سے شکست کے بعد مصر کا فیفا پر ’ناانصافی‘ کا الزام: ریفری کے کون سے فیصلے متنازع ہوئے؟

بی بی سی اردو  |  Jul 08, 2026

Getty Images

کھیل ختم ہونے میں صرف 12 منٹ باقی تھے۔ مصر کو ارجنٹینا پر دو صفر کی برتری حاصل تھی اور وہ فٹ بال ورلڈ کپ میں اب تک کی سب سے بڑی فتح کے دہانے پر تھے۔ پہلی بار وہ کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرنے والے تھے اور پھر سب کچھ بدل گیا۔

79ویں منٹ میں جب کرسچن رومیرو نے ارجنٹینا کی جانب سے پہلا گول کیا تو مصر کے پاس موقع تھا کہ وہ اس وقت بھی دفاع مضبوط کر سکتے تھے لیکن چار منٹ بعد ہی میسی سکور لائن کو دو دو سے برابر کر چکے تھے اور مصری ٹیم پریشان نظر آ رہی تھی۔

اضافی ٹائم کے دو منٹ کے اندر ہی ارجنٹینا کی جانب سے انزو فرنینڈیز تیسرا گول کر چکے تھے اور مصری ٹیم باہر ہو چکی تھی۔

اس سے قبل مصر کی ٹیم اس وقت غصے میں دکھائی دی تھی جب ویڈیو اسسٹنٹ ریفری نے مصطفی زیکو کی جانب سے کیا جانے والا گول ماننے سے انکار کر دیا تھا۔

مصر کا یہ اصرار بھی تھا کہ محمد صلاح کے ساتھ فاؤل کیا گیا تھا جبکہ اس وقت تیسرا گول نہیں ہوا تھا۔ فل ٹائم کی سیٹی بجنے کے ساتھ ہی مصری کھلاڑی ایسے زمین پر گرے جیسے انھیں یقین نہیں ہو رہا تھا کہ ان کے ساتھ کیا ہوا۔

میچ کے بعد انٹرویو میں مصر کے کوچ حسام حسن نے کہا کہ ان کی ٹیم کے ساتھ ناانصافی ہوئی۔ بی بی سی نے فیفا سے اس معاملے پر ردعمل حاصل کرنے کے لیے رابطہ کیا۔

میچ میں کیا ہوا؟

کل رات فٹبال کے مداحوں نے کرسٹیانو رونالڈو کی آنکھوں میں مایوسی کے آنسو دیکھے تھے مگر آج لیونل میسی کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو نظر آئے۔ جہاں رونالڈو کا ورلڈ کپ کا سفر ختم ہوا، وہیں میسی نے ارجنٹینا کی ٹیم کو کوارٹر فائنل میں پہنچا دیا۔

امریکہ کے شہر اٹلانٹا میں کھیلے گئے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے راؤنڈ آف 16 کے ایک ڈرامائی مقابلے میں ارجنٹینا نے دو گول سے پیچھے ہونے کے باوجود شاندار کم بیک کرتے ہوئے مصر کو 3-2 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

Getty Images

مصر نے میچ کا آغاز انتہائی پراعتماد انداز میں کیا اور 15ویں منٹ میں یاسر ابراہیم نے کارنر کک پر عمدہ ہیڈر کے ذریعے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔

ارجنٹینا کو پہلے ہاف میں مقابلہ برابر کرنے کا موقع اس وقت ملا جب اسے پنالٹی ملی لیکن مصر کے گول کیپر مصطفیٰ شوبیر نے لیونل میسی کی پنالٹی شاندار انداز میں روک کر اپنی ٹیم کی برتری برقرار رکھی۔

دوسرے ہاف میں مصر نے 67ویں منٹ میں ایک تیز رفتار جوابی حملے پر مصطفیٰ زیکو کے گول کی بدولت اپنی برتری 2-0 کر دی، جس کے بعد ایسا محسوس ہونے لگا کہ دفاعی چیمپیئن ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے قریب ہے۔

تاہم ارجنٹینا نے ہمت نہیں ہاری۔

79ویں منٹ میں کرسٹیان رومیرو نے ہیڈر کے ذریعے اپنی ٹیم کا نقصان کم کیا، جس سے ارجنٹینا کی ٹیم کو نئی توانائی ملی۔

صرف چار منٹ بعد لیونل میسی نے شاندار فنش کے ذریعے سکور 2-2 سے برابر کر دیا۔ یہ ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں مسلسل چھٹے میچ میں میسی کا گول تھا، جو ان کے غیرمعمولی ریکارڈ میں ایک اور اضافہ ہے۔

میچ جب اضافی وقت کی جانب بڑھ رہا تھا تو 90+2 ویں منٹ میں اینزو فرنانڈیز نے فیصلہ کن گول کر کے ارجنٹینا کو 3-2 کی ناقابلِ یقین فتح دلا دی۔

مصر کے کھلاڑیوں نے اس گول سے قبل فاؤل کا دعویٰ کرتے ہوئے احتجاج بھی کیا تاہم ریفری نے گول برقرار رکھا۔

اس فتح کے ساتھ ارجنٹینا نے نہ صرف کوارٹر فائنل میں اپنی جگہ کنفرم کر لی بلکہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ دو گول سے پیچھے ہونے کے باوجود کم بیک کرتے ہوئے ناک آؤٹ مرحلے کا میچ بھی جیت لیا۔

دوسری جانب مصر نے شاندار کھیل پیش کرنے کے باوجود آخری 15 منٹ میں اپنی برتری گنوا دی اور اس کا ورلڈ کپ کا سفر اختتام پذیر ہو گیا۔

میچ کے بعد انٹرویو میں مصر کے کوچ حسام حسن نے کہا کہ ’میدان میں اور میدان کے باہر بہت کچھ ایسا ہوا جس پر سوال اٹھتے ہیں۔‘

انھوں نے کہا کہ ’یہ سب منفی تھا اور یہ احتساب کی بات ہے۔ شاید وہ دفاعی چیمپیئن کو ٹورنامنٹ میں رکھنا چاہتے تھے۔ شاید وہ چاہتے تھے کہ میسی مقابلے سے باہر نہ ہو۔‘

مصری کوچ نے کہا کہ ’ہماری ایک پنلٹی نہیں دی گئی اور اسے ویڈیو پر دیکھا تک نہیں گیا جبکہ ہمارا ایک گول مانا ہی نہیں گیا۔ زندگی منصفانہ نہیں تو کھیل میں انصاف کیوں نہیں؟‘

مصری کھلاڑی زیکو نے کہا کہ ’ریفری غیر منصفانہ تھے۔ ناانصافی واضح تھی، میچ کے آغاز سے ہی۔‘

ارجنٹینا کی ’جادوگرنیاں‘ جو میسی کو ایک اور ورلڈ کپ جتوانا چاہتی ہیں24 میچ دیکھنے کے لیے 50 ہزار کلومیٹر کا سفر: فیفا کے صدر اور اُن کے زیر استعمال نجی طیارہ تنقید کی زد میں کیوں؟رونالڈو کے ورلڈ کپ کریئر کا آنسوؤں کے ساتھ اختتام: ’میری آنکھوں میں بھی آنسو ہیں اور یہی اس عظیم کھلاڑی کا ورثہ ہے‘امریکہ کی شکست کے بعد بیلجیئم کا ٹرمپ پر طنز: ’اب اس کو پلٹ کر دکھائیں‘میسی نے قیادت کا حق ادا کیا

میچ کے اختتام پر لیونل میسی بھی جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور ان کی آنکھیں بھی نم نظر آتی ہیں۔

چند ہی لمحے پہلے ایسا لگ رہا تھا کہ ان کا ورلڈ کپ کیریئر اختتام کو پہنچنے والا ہے مگر جب ارجنٹینا کو اپنے کپتان کی سب سے زیادہ ضرورت تھی تو میسی نے قیادت کا حق ادا کیا۔ پہلے گول کی راہ ہموار کرنے کے لیے شاندار پاس دیا، پھر خود گول سکور کر کے میچ برابر کر دیا۔

میسی نے یہ ورلڈ کپ 13 گولز کے ساتھ شروع کیا تھا لیکن اب وہ 21 گولز تک پہنچ چکے ہیں۔ وہ مجموعی گولز کے ریکارڈ میں کائلن ایمباپے سے دو گول آگے ہیں تاہم فرانسیسی کھلاڑی کے پاس دوبارہ سرفہرست آنے کا موقع موجود ہے، کیونکہ ان کی ٹیم فرانس جمعرات کو مراکش کے خلاف میدان میں اترے گی۔

میسی نے تو ہمیشہ کی طرح اپنا کردار ادا کیا لیکن ارجنٹینا کی باقی ٹیم نے بھی ہمت نہیں ہاری اور آخر تک مقابلہ جاری رکھا۔

فرنانڈیز نے تیسرا گول بہت خوبصورت ہیڈر کے ذریعے کیا، جو میچ کا فیصلہ کن لمحہ ثابت ہوا۔

جہاں ارجنٹینا کے کھلاڑیوں کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو ہیں وہیں مصر کے کھلاڑی غم سے نڈھال دکھائی دے رہے ہیں۔

مصر، ریفری کے ان فیصلوں پر بہت مایوس ہے جو اس کے خلاف گئے۔

دوسرا گول کرنے سے پہلے مصر کا ایک گول بھی مسترد کر دیا گیا اور فاؤل کا فیصلہ ایسی جگہ دیا گیا جہاں خلاف ورزی تقریباً ان کی اپنی ٹچ لائن کے قریب ہوئی تھی۔

Getty Imagesمیچ ریفری کے متنازع فیصلوں پر ڈیل جانسن کا تجزیہ

گذشتہ ہفتے ہی فیفا میں ریفریز کے سربراہ پیئرلوئیجی کولینا نے اپنے عہدیداروں کو ایک اہم ہدایت پر زور دیا تھا۔

ریفریز کو کہا گیا کہ میچز کی رفتار بڑھانے کے لیے فٹبال میں معمولی ٹکڑاؤ کی اجازت دی جائے۔

اس ورلڈ کپ میں فی میچ 22.6 فاؤلز دیکھے گئے جبکہ سنہ 2022 میں یہ تعداد 25 اور سنہ 2018 میں 27 تھی۔

تو اس کا گذشتہ روز مصر کے مسترد کیے گئے گول سے کیا تعلق بنتا ہے؟

مارون عطیہ نے مارٹینیز کی شرٹ کو بہت ہلکے انداز میں کھینچا تھا اور ان کے پاؤں کے انگوٹھے پر ہلکا سا قدم رکھا تھا۔

لیکن وی اے آر (ویڈیو اسسٹنٹ ریفری) نے مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ مصطفیٰ زیکو کے شاندار گول کو فاؤل کی وجہ سے مسترد کر دیا جانا چاہیے۔

یقیناً یہ دلیل دی جا سکتی ہے کہ یہ فاؤل ہو سکتا ہے لیکن یہ ٹورنامنٹ میں ریفری کے انداز سے مطابقت نہیں رکھتا۔

اگر میدان میں ایسے ٹکراؤ کو نظرانداز کیا جا رہا ہے، تو پھر وی اے آر کے ساتھ بھی یہی رویہ اختیار کرنا چاہیے۔

کیا آپ کو جرمنی کے الیگزانڈر پاولووچ کا ایکواڈور کے پیڈرو ویٹے کے چہرے کی جانب اٹھا ہوا پاؤں یاد ہے؟ لیروئے سانے کے گول پر وی اے آر کی کوئی مداخلت نہیں ہوئی تھی۔

کیا فاؤل اس پیش رفت سے بہت پہلے ہوا تھا؟ وی اے آر اس بات کا جائزہ لے گا کہ حملہ آور مرحلہ کیسے شروع ہوا، خاص طور پر گیند پر قبضہ کیسے حاصل کیا گیا۔

چونکہ یہ ٹکراؤ براہِ راست گول کا سبب بنا تھا، اس لیے اس کا جائزہ لیا جا سکتا تھا، اگرچہ یہ صرف 17 سیکنڈ پہلے پیش آیا تھا۔

ریفرنگ ٹیم کے لیے اس سے بھی زیادہ بدقسمتی کی بات فرنانڈیز کے ڈرامائی فیصلہ کن گول کی تیاری کے دوران محمد صلاح کے خلاف ممکنہ فاؤل ہے۔

ارجنٹینا کے پینلٹی ایریا میں محمد صلاح یہ دعویٰ کرتے ہوئے گر گئے کہ جولیان الواریز نے انھیں ٹرپ کیا تھا۔ یقیناً وی اے آر کو اس کا بھی جائزہ لینا چاہیے تھا؟

یہ مارون عطیہ کے ٹکراؤ سے مشابہ تھا سوائے ایک اہم فرق کے۔

محد صلاح پینلٹی باکس کے اندر تھے، اس لیے وی اے آر ایک ممکنہ پینلٹی کا جائزہ لے رہا تھا جس کے لیے عام فاؤل کے مقابلے میں زیادہ سخت معیار لاگو ہوتا ہے۔

اگر محد صلاح ایریا سے باہر ہوتے تو تسلسل برقرار رکھنے کے لیے وی اے آر کو مداخلت کرنا پڑتی چونکہ پینلٹی دینے کے لیے شواہد کافی نہیں تھے، اس لیے ارجنٹینا کا فیصلہ کن گول برقرار رہا۔

رونالڈو کے ورلڈ کپ کریئر کا آنسوؤں کے ساتھ اختتام: ’میری آنکھوں میں بھی آنسو ہیں اور یہی اس عظیم کھلاڑی کا ورثہ ہے‘امریکہ کی شکست کے بعد بیلجیئم کا ٹرمپ پر طنز: ’اب اس کو پلٹ کر دکھائیں‘فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے 104 میچوں کا شیڈول اور نتائجکیا پاکستان، انڈیا اور بنگلہ دیش جیسے بڑی آبادی والے ممالک میں کرکٹ کی مقبولیت فٹبال کی ترقی میں رکاوٹ ہے؟فٹبال ورلڈ کپ میں وائرل ہونے والے کھلاڑی اس شہرت سے مالی فائدہ اٹھا پائیں گے؟ارجنٹینا کی ’جادوگرنیاں‘ جو میسی کو ایک اور ورلڈ کپ جتوانا چاہتی ہیں
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More