اسلام آباد: یونان کشتی حادثے کی رپورٹ میں انسانی اسمگلنگ کے دوران بین الاقوامی نیٹ ورک کا انکشاف ہوا ہے۔
یونان کشتی حادثے کی پیش کردہ خصوصی کمیٹی رپورٹ میں انسانی اسمگلنگ میں بین الاقوامی نیٹ ورک کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ پچھلے سال یونان کشتی حادثے پر رپورٹ عمل درآمد کے لیے وزیر اعظم آفس کو پیش کی گئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق یہ پاکستان سے انسانی اسمگلنگ کا نیٹ ورک 4 ممالک تک پھیلا ہوا ہے۔ برطانیہ میں موجود انسانی اسمگلروں کے سرغنہ کے خلاف مقدمے کی سفارش کی گئی ہے۔
رپورٹ اور نیٹ ورک کے نقشہ کی کاپی ہم انویسٹی گیٹس نے حاصل کر لی۔ کمیٹی نے نیٹ ورک اور ان سے جڑے تمام انسانی اسمگلرز کی تفصیلات بھی وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے حوالے کر دیئے۔
سرغنے کے پاکستان میں موجود 3 سہولت کاروں کے خلاف لاہور میں مقدمات درج کر لیے گئے۔ انسانی اسمگلنگ میں ملوث 2 ملزمان لیبیا اور 2 اٹلی میں نیٹ ورک چلا رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: یونان کشتی حادثے کی رپورٹ حکومت کو موصول، 5 پاکستانی جاں بحق، 35 لاپتہ
رپورٹ میں ایف آئی اے کے ملوث اہلکاروں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔ جبکہ ایف آئی اے امیگریشن کے تمام اہلکاروں کے اثاثوں کی چھان بین کی بھی سفارش کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی نے نیٹ ورک کے 40 بڑے اسمگلرز کے خلاف ایکشن کی سفارش کی تھی۔