سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا یوم استحصال کے موقع پر پارلیمنٹ ہاﺅس میں تقریب سے خطاب

اے پی پی  |  Aug 06, 2020

اسلام آباد ۔ 5 اگست (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ سیاسی اختلافات کے باوجود کشمیر کے معاملے پر پوری قوم متحد ہے، پارلیمنٹ کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے، پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کے لئے متفقہ قرارداد منظور کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یوم استحصال کے موقع پر پارلیمنٹ ہاﺅس میں تھری ڈی سکرین کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز اور چیئرمین کشمیر کمیٹی شیریار خان آفریدی سمیت دیگر ارکان پارلیمنٹ اور رہنماﺅں نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ آج پورا دن قوم نے کشمیریوں کا ساتھ دیا ہے، قوم نے سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ لگایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے ساتھ پاکستان ہی نہیں امت مسلمہ بھی کھڑی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میں نے 188 ممالک کے سپیکرز کو خطوط لکھے ہیں۔ اسد قیصرنے کہا کہ پارلیمان کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے، بھارت نے پہلی دفعہ ایسی قانون سازی کی ہے جس سے شہریوں کے حقوق سلب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج قوم نے اعلان کردیا ہے کہ تمام تر اختلافات کے باوجود کشمیر پر ہم سب ایک ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں کشمیر پر متفقہ قرارداد منظور کریں گے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More